ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں طوفانی بارش؛ درخت گرنے سے دو مکانوں کو نقصان؛کئی جگہوں پر بجلی کے کھمبے گرنے سے شہر میں الیکٹری سٹی متاثر

بھٹکل میں طوفانی بارش؛ درخت گرنے سے دو مکانوں کو نقصان؛کئی جگہوں پر بجلی کے کھمبے گرنے سے شہر میں الیکٹری سٹی متاثر

Wed, 12 Jun 2019 23:02:03    S.O. News Service

بھٹکل 12/جون (ایس او نیوز)  منگل کو کمٹہ میں طوفانی بارش کے بعد آج بدھ دوپہر کو  بھٹکل میں طوفانی ہواوں کے ساتھ زوردار بارش شروع ہوگئی جس کے ساتھ ہی شہر میں گرمی کی شدت سے عوام کو تھوڑی بہت راحت ملی۔ ویسے تو شام ہوتے ہوتے بارش کا سلسلہ رُک گیا مگر دوپہر کو  ہونے والی بارش کے  نتیجے میں  دو مکانوں پر درخت کی شاخیں گرنے سے دونوں مکانوں کو نقصان پہنچا۔

محکمہ الیکٹری سٹی ہیسکام کے اسسٹنٹ انجینر منجوناتھ نے بتایا کہ زوردار بارش کے نتیجے میں تعلقہ کے مختلف حصوں میں جملہ دس بجلی کے کھمبوں کو نقصان پہنچا جس میں  ساگر روڈ کے قریب ڈی پی کالونی کے چھ کھمبے بھی شامل ہیں۔ ڈی پی کالونی میں  ایک  بھاری بھرکم درخت گرنے سے چھ بجلی کے کھمبے گرگئے جس سے پورے شہر کی بجلی کچھ گھنٹوں کے لئے متاثر ہوئی۔

دوپہر کو جب بارش شروع ہوئی تو  پورے  آسمان پر گہرے  کالے بادل چھائے ہوئے تھے اور اندھیرا ایسا پھیلا ہوا تھا کہ   مغرب کا سماں لگ رہا تھا،  اس موقع پر ہلکی ہلکی بجلیاں بھی گررہی تھی۔

آج کی بارش کے ساتھ ہی درجہ حرارت 32 ڈگری سے سیدھے  کم ہوکر 26 ڈٖگری پر پہنچ گیا،  شام ہوتے ہوتے ویسے  بارش کا زور ٹوٹ گیا ، مگر محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 24 گھنٹوں میں مزید زور دار بارش کے امکانات ظاہر کئے گئے ہیں ۔ اُدھر بارش کی شروعات کے ساتھ ہی  سمندری موجوں میں بھی زبردست  اُچھال دیکھی  گئی اور  ضلعی انتظامیہ نے  حفاظتی اقدامات کے طور پر  عوام الناس سمیت ماہی گیروں کو  بھی سمندر میں نہ اُترنے کی وارننگ جاری کی۔ 

اُترکنڑا محکمہ موسمیات کی جانب سے بتائی گئی اطلاع کے مطابق  منگل شام 5 بجے سے بدھ شام 5 بجے تک بھٹکل میں 46 ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی ہے، اسی طرح ضلع کے  کاروار میں 43، انکولہ میں 40،  کمٹہ میں 39 اور ہوناور میں 37 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، البتہ  گھاٹ والے علاقوں بالخصوص  سداپور، منڈگوڈ، سرسی، یلاپور، ہلیال وغیرہ میں  بارش 9 ملی میٹر سے 15 ملی میٹر تک ریکارڈ کی گئی ہے۔


Share: